مہر نیوز/ 19 مئی / 2014 ء : رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے اپنے ایک پیغام میں خدمتگزار اور مخلص عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین رضا دہشت کے انتقال پر تعزیت پیش کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے اپنے ایک پیغام میں خدمتگزار اور مخلص عالم دین  حجۃ الاسلام والمسلمین رضا دہشت کے انتقال پر تعزیت پیش کی ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذيل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

اپنے دیرینہ دوست مرحوم حجۃ الاسلام والمسلمین جناب حاج شیخ رضا دہشت رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کی خبر سنکر سخت صدمہ اور افسوس ہوا ۔ اس مخلص اور خدمتگزار عالم دین نے اپنی تمام عمر انقلاب اسلامی کے اہداف اور دین ، اخلاق اور معنویت کی تبلیغ اور ترویج میں صرف کی، اوروہ کسی توقع اور ادعا کے بغیر وسیع خدمات اور ذمہ داریوں کو اپنے دوش پر لئے ہوئے تھے۔ میں نے متعدد برسوں کی دوستی اور رفاقت کے دوران اس عالم دین کو ہمیشہ تقوی، ایمان اور صداقت اور دیانت کا حامل پایا، اور امید ہے کہ اللہ تعالی اس روح پر اپنی رحمت، فضل اور بشارت نازل فرمائے گا۔

میں مرحوم کے خاندان،  اولاد،دوستوں اور ارادتمندوں کو تعزیت اور تسلیت پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالی کی بارگاہ سے ان کے لئے صبر و اجر طلب کرتا ہوں۔

سید علی خآمنہ ای

28/اردیبہشت/1393