مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ریاست کیلی فورنیا کے سب سے بڑے شہر سان ڈیاگو سے 25 میل دور ساحلی علاقے کارلزبیڈ کے جنگلات میں گزشتہ روز شدید گرمی کے باعث آگ لگ گئی تھی۔ آگ کے باعث سیکڑوں گھروں کو بجلی کی ترسیل بھی معطل ہوگئی ہے، تیز ہواؤں اور سخت گرمی کے باعث آگ کے دائرے میں بدستور اضافہ ہورہا ہے جب کہ اب تک کئی رہائشی عمارتیں اس آگ کی لپیٹ میں آکر خاکستر ہوچکی ہیں۔ ادھر سان ڈیاگو کے شمال میں واقع ایک دوسرے جنگل میں لگنے والی آگ نے 100 ایکڑ اراضی پر محیظ درختوں کو جلا کر بھسم کردیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست کیلی فورنیا ان دنوں بدترین خشک سالی سے گزررہی ہے جب کہ خشک موسم اور شدید گرمی کے باعث حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رواں موسمِ گرما میں ریاست کے جنگلات میں آگ لگنے کے ریکارڈ واقعات پیش آسکتے ہیں۔