مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر شکار پور کے علاقہ لکھی غلام شاہ میں دو گروپوں کےدرمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شکار پور کے علاقے لکھی غلام شاہ میں واقع گوٹھ کلرکارو میں معرفانی برادری کے دو گروپوں میں مسلح تصادم ہوا جس کے نتیجے میں امام دین معرفانی برادری کے 7 افراد ہلاک جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی۔ معرفانی برادری کا دوسرے گروپ سے دیرینہ تنازع چل رہا تھا جس کے نتیجے میں امام دین معرفانی کے گھر پر مسلح گروپ نے حملہ کردیا،حملے میں امام دین معرفانی سمیت اس کے خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ میں مرنے والوں کی شناخت ندیم معرفانی،ارشاد علی معرفانی،مقیم معرفانی،ٹکو خان معرفانی عابد خان معرفانی کے نام سے ہوئی جبکہ واقعہ میں ایک بچی سکینہ زخمی ہوگئی ہے۔واقعہ کے بعد علاقے میں سخت خوف وہراس پایا جاتا ہے،پولیس نے موقع پرواقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔