مہر نیوز/ 6 مارچ / 2014 ء :پاکستان کے وزير اعظم نواز شریف نےطالبان دہشت گردوں سے مذاکرات کیلئے حکومت کی پہلی کمیٹی تحلیل کر کے نئی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع کے مطابق نئی کمیٹی آئندہ دو تین روز میں تشکیل دیدی جائے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزير اعظم نواز شریف نےطالبان دہشت گردوں  سے مذاکرات کیلئے حکومت کی  پہلی کمیٹی تحلیل کر کے نئی کمیٹی بنانے  کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع کے مطابق نئی کمیٹی آئندہ دو تین روز میں تشکیل دیدی جائے گی۔نئی کمیٹی کے فوکل پر سن وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق طالبان اور حکومتی کمیٹی کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران طالبان کمیٹی کے رکن مولانا سمیع الحق نے مطالبہ کیا کہ حکومت کی موجودہ کمیٹی کو تحلیل کرکے ایک نئی بااختیار کمیٹی بنائی جائے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔ مولانا سمیع الحق کے مطالبے پر وزیر اعظم نے رضا مندی کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی کمیٹی کو تحلیل کرکے نئی مذاکراتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم موجودہ کمیٹی کے تمام اراکین کو بھی مشاورت میں شامل رکھا جائے گا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کمیٹی میں آئی ایس آئی، وفاقی حکومت اور خیبر پختونخوا کا نمائندہ شامل ہو گا۔نئی حکومتی کمیٹی طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کرے گی جبکہ آئندہ مذاکرات خفیہ مقام پر کئے جانے کی بھی تجویز ہے۔وزیراعظم نواز شریف نئی کمیٹی کے نگراں اورچودھری نثار فوکل پرسن ہونگے،آئندہ مذاکراتی مرحلے میں دونوں طرف کے مطالبات کھل کر سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔