مہر نیوز/ 19 فروری/ 2014 ء :یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آنے کے بعد پولیس نے مظاہرین کا کیمپ اکھاڑ پھینکا،جھڑپوں میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے  الجزيرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں شدت  آنے کے بعد پولیس نے مظاہرین کا کیمپ اکھاڑ پھینکا،جھڑپوں میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 20  افراد ہلاک  اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ، جھڑپوں میں اس وقت شدت پیدا ہوگئی جب پولیس نے ،'انڈیپنڈنس اسکوائر '،پر لگائے جانے والے اپوزیشن کے کیمپ کو اکھاڑ دیا۔اس کے باوجود 25 ہزار سے زائد مظاہرین نے اسکوائر خالی کرنے سے انکار کردیا اور اپنا احتجاج جاری رکھا۔ مظاہرین نے کیف کے سٹی ہال پر بھی قبضہ کر رکھا ہے۔ اس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پیٹرول بم پھینک کر ٹرکوں کو آگ لگادی۔یورپی یونین، امریکہ اور نیٹو کی جانب سے یوکرائن میں جاری جھڑپوں میں شدت اور ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مظاہرین صدر وکٹر یانکووچ کے اختیارات کم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ یوکرائن میں حکومت مخالف مظاہرے گذشتہ سال نومبر میں اس وقت شروع ہوئے جب صدر یانوکووچ نے یورپی یونین کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے روس کے ساتھ تجارتی معاہدے کو ترجیح دی تھی۔ ذرائع کے مطابق کیف میں مخالفین کو امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی بھر پور حمایت حاصل ہے بعض امریکی سفارتکارون کو مظاہرین اور مخالفین کے ساتھ دیکھا گيا ہے۔