مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام کاظم صدیقی کی امامت میں منعقد ہوئی جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی، خطیب نماز جمعہ نے سامراجی طاقتوں کی جانب سے ایران کے خلاف لگائی جانے والی اقتصادی پابندیوں کو ظالمانہ اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئےکہا ہے کہ ایرانی عوام اقتصادی پابندیوں کے باوجود اپنی عزت و وقار کا سودا نہیں کریں گے۔
انھوں نے 22 بہمن مطابق 11 فروری انقلاب اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر عظيم ریلیوں میں عوام کی بھر پور شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 22 بہمن کو ظلمت پر نور کی کامیابی، کفر پر ایمان کی کامیابی ، بے دینی پر دین کی کامیابی ، شمشیر پر خون کی کامیابی اور سلطنتی نظام پر ولایتی نظام کی کامیابی ہوئی ۔ انھوں نے کہا کہ ولایتی اور اسلامی نظام کے سائے میں ایران نے گذشتہ 35 برس میں عظیم الشان علمی سفر طے کیا ہے جس پر دشمن بھی تلملا اٹھا ہے اور ایران کی علمی پیشرفت و ترقی کو روکنے کے لئے نت نئےبہانے تلاش کررہا ہے۔خطیب جمعہ نے کہا کہ اسلام اور عوام کے درمیان گہرا رابطہ ہے جو دشمن کی شکست کا اصلی سبب ہے۔ انھوں نے کہا کہ ولی فقیہ اسلامی نظام کا اصلی محور ہے جو انبیا ء (ع) اولیاء اور آئمہ (ع) کا جانشین ہے اور امام زمانہ (عج) کی غیبت میں دینی امور اور اسلامی حکومت کی سرپرستی اپنے ہاتھ میں لئے ہوئے ہے۔