مہر نیوز/19 دسمبر /2013ء: امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن سے نیویارک میں بھارتی سفارت کار دیویانی کھوبرا گڑے سے گرفتاری کے بعد ہونے والے سلوک پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن سے نیویارک میں بھارتی سفارت کار دیویانی کھوبرا گڑے سے گرفتاری کے بعد ہونے والے سلوک پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے اس کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ امریکی میں جو بھی رہے وہ قانون پر عمل کرے۔ بھارت میں ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا میں اراکین نے امریکہ میں بھارتی سفارت کار کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے امریکہ سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سے پہلے امریکہ میں بھارتی سفارت کار کی گرفتاری پر بھارت نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی ہوائی اڈوں پر امریکی سفارت کاروں کو حاصل مراعات ختم کرنے کے علاوہ دہلی میں امریکی قونصل خانے میں کام کرنے والوں کے شناختی کارڈ اور سفارتخانے کے ملازمین کو دی جانے والی تنخواہوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی تھیں۔ دیویانی پر امریکہ میں ویزا قوانین کے سلسلے میں جعل سازی کے الزامات کا سامنا ہے اور اسی لیے انھیں برہنہ کر کے ان کی جامہ تلاشی لی گئی۔