اجراء کی تاریخ: 15 اکتوبر 2013 - 11:32

مہر نیوز/15 اکتوبر/2013ء: مکہ مکرمہ میں بیت اللہ الحرام کا غلاف تبدیل کردیا گیا ہے ہر سال 9ذی الحجہ کو غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی پروقار تقریب ہوتی ہے ۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں بیت اللہ الحرام کا غلاف تبدیل کردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نیا غلاف دو کروڑ ریال کی لاگت سے670کلوگرام خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے۔ غلاف کی تیاری میں 150کلو گرام خالص سونا اور چاندی بھی استعمال کی گئی ہے اور اس پر قرآنی آیات کشیدہ کی گئی ہیں۔اس کا سائز658مربع میٹر ہے اور یہ 47حصوں پر مشتمل ہوتا ہے ۔ہر حصہ14میٹر طویل اور 95سینٹی میٹر چوڑا ہوتا ہے۔زمین سے تین میٹر کی بلندی پر نصب کعبہ کے دروازے کی لمبائی چھ میٹر اورچوڑائی تین میٹر ہے ۔مکہ مکرمہ کے قریب غلاف کعبہ تیار کرنے کی فیکٹری 77سال قبل قائم کی گئی تھی جہاں 200سے زائد ہنر مندمسلسل آٹھ ماہ کی محنت سے اسے تیار کرتے ہیں۔واضح رہے کہ ہر سال 9ذی الحجہ کو غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی پروقار تقریب ہوتی ہے۔