مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق قم کے ایک دینی مرجع آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی نے آج صبح اپنے درس خارج میں طلباء سے خطاب میں ہمسایہ ممالک کے اندرونی امور میں مداخلت کرنے پر ترکی کے حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام ترک حکام کی منافقانہ پالیسی سے سخت متنفر ہیں ترک حکام کبھی اسلام کا دم بھرتے ہیں اور کبھی 180 درجہ گھوم کر امریکہ اور اسرائیل کی اطاعت پر کمر بستہ ہوجاتے ہیں۔ انھوں نے کہا ترک حکام آجکل امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ دوستی پر فخر بھی کرتے ہیں اور اسلام کے بجائے نیٹو کو اپنا سپر بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور نیٹو ، امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کی بنا پر دوسرے اسلامی ممالک پر اپنا رعب و دبدبہ قائم کرنے کی بھی تلاش کررہے ہیں۔
آیت اللہ ناصر مکارم نے کہا کہ مجھے ایرانی حکومت کے ترکی کے ساتھ سیاسی روابط کی کوئی پرواہ نہیں ہے ترک حکام نے شام میں اپنی مداخلت کے ساتھ حال ہی میں عراق میں بھی اپنی معاندانہ مداخلت کا سلسلہ شروع کردیا ہے، آیت اللہ مکارم شیرازی نے ترک حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی قوم کو مشکلات میں گرفتار نہ کریں اور امریکہ، اسرائیل اور نیٹو کے ساتھ ملکر دوسری مسلمان قوموں کے لئے بھی مشکلات پیدا نہ کریں ورنہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔