مہر نیوز/ 10 دسمبر/ 2012ء: مصر کے صدر محمد مرسی نے فوج کو ملک میں ریفرینڈم کے نتائج کے اعلان تک مخالفین کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مصر کے صدر محمد مرسی نے فوج کو ملک میں ریفرینڈم کے نتائج کے اعلان تک  مخالفین کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

مصری صدر نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ ملک میں امن و اماں بحال رکھنے کے سلسلے میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔نئے صدارتی فرمان میں فوج کو عام شہروں کو گرفتار کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔ صدر محمد مرسی نے سنیچر کو اپنے مخالفین کو رعایت دیتے ہوئے اپنے اختیارات میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا تاہم آئینی مسودے پر ہونے والا ریفرینڈم مقررہ وقت پندرہ دسمبر کو کروانے کا فیصلہ قائم رکھا تھا۔

ایک اعلان کے مطابق مصر کے صدر محمد مرسی نے اپنے اختیارات کو وسعت دینے والا حکم نامہ کالعدم قرار دے دیا تھا۔حزبِ اختلاف کے مطالبات میں سے ایک اہم مطالبہ ریفرینڈم کو روکنا بھی تھا، اس لیے انھوں نے صدر مرسی کے اختیارات کے حکم کو کالعدم قرار دینے کے اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔صدر مرسی کے مخالفین نے منگل کو احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔دوسری طرف اسلام پسند گروپوں نے بھی اپوزیشن گروپوں کے خلاف جوابی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے قاہرہ میں خونریز جھڑپیں ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔