مہر نیوز/12 اگست 2012: امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن شام کے بارے میں امریکہ کے مذموم منصوبوں پر بات چیت کے لیے ترکی پہنچ گئی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ترک ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن شام کے بارے میں امریکہ کے مذموم منصوبوں پر بات چیت کے لیے ترکی پہنچ گئی ہیں۔

ہیلری کلنٹن استمبول میں ترک رہنماؤں کے علاوہ شام کے حزبِ مخالف اور شام میں سرگرم دہشت گرد کمانڈروں سے بھی ملاقات کریں گی۔

اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت ختم ہونے کی صورت میں شام میں انتقال اقتدار کی تیاریوں کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گی۔اطلاعات کے مطابق امریکی حکام شام میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر بھی تشویش میں مبتلا ہیں۔ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ یہ شدت پسند شامی باغیوں کے ہمراہ اسد حکومت کے خلاف جاری لڑائی میں حصہ لے رہے ہیں۔خبر رساں ایجنسی اے پی نے امریکی انٹیلیجنس حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ شام میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے کم سے کم دو سو شدت پسند موجود ہیں اور ان کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔