مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر محمد خزاعی نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کے نام ایک خط میں میانمار میں مسلمانوں کا قتل عام بند کرانے اور ان کی دردناک صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مسلمانوں کی حمایت کے لئے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
خزاعی نے اپنے خط کی ایک ایک کاپی انسانی حقوق کی سربراہ اور اسلامی کانفرنس کے سربراہ کو بھی ارسال کی ہے جس میں میانمار کے صوبہ روہنیگیا میں مسلمانوں کی حالت زار اور ان کے وسیع پیمانے پر قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گيا ہے انھوں نے اپنے خط میں کہا ہے میانمار میں مسلمانوں کا مذہبی بنیاد پر قتل عام بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزي ہے اور اقوام متحدہ کو میانمار میں مسلمانوں کے خلاف کارروائي کو رکوانے کے لئے ٹھوس اقدام کرنے چاہییں
محمد خزاعی نے کہا کہ میانمار کے خونی واقعات پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی سے ہولناک اور دردناک واقعات جنم لے سکتے ہیں اورجرائم پیشہ افراد کو وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا موقع فراہم ہوگا۔ محمد خزاعی نے بان کی مون سے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ دیگر معاملات کی طرح میانمار کے معاملے پر بھی اپنی خصوصی توجہ مبذول کریں اور مسلمانوں کے قتل عام کو بند کرانے کے لئے ٹھوس اقدامات عمل میں لائیں۔