مہر نیوز-12 فروری 2012ء: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے فلسطینی وزير اعظم کے ساتھ ملاقات میں اسرائيل کے مقابلے میں فلسطینی گروہوں کے باہمی اتحاد پر تاکید کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے فلسطینی وزير اعظم  اسماعیل ہنیہ کے ساتھ ملاقات میں اسرائيل کے مقابلے میں فلسطینی گروہوں کے باہمی اتحاد پر تاکید کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اسلامی اصولوں پر پابندی اور مقاومت و پائداری پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائيل فلسطینی کروہوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ فلسطینیوں کو چاہیے کہ وہ باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعہ امریکہ اور اسرائیل کے اس شوم منصوبے کو ناکام بنادیں صالحی نے کہا کہ ایران گذشتہ 33 برسوں میں حاصل ہونے والے اپنےعلمی تجربات فلسطینیوں کو منتقل کرنے کے لئے آمادہ ہے۔

اس ملاقات میں فلسطینی وزير اعظم اسماعیل ہنیہ نے بھی انقلاب اسلامی کی برسی کے موقع پر کئي ملین افراد کی شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایران کی علمی پیشرفت و ترقی عالم اسلام کے لئے مایہ ناز اور باعث فخر ہے۔ ہنیہ نے اسلامی مقاومت کی 33 روزہ اور 22 روزہ جنگ میں اسرائيل پر فتح کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی آزادی تک جد و جہد جاری رہےگی اور اسلامی مقاومت اسرائيل کو ہرگز تسلیم نہیں کرےگی۔