خبررساں ايجنسي مہر نے فرانسيسي خبررساں ايجنسي كے حوالے سے خبر دي ہے كہ امريكي حكومت نے ايران كے بيلسٹك ميزائل پروگرام ميں معاونت پر چين كي آٹھ بڑي كمپنيوں پر پابندي لگا دي ہے ـ امريكي حكام كا الزام ہے كہ ايران نے چين سے ايٹم بم كا ڈيزائن حاصل كر ليا ہے جو كہ چين نے پاكستان كے ايٹمي سائنسداں ڈاكٹر عبد القدير خان سے حاصل كيا تھا ـ امريكي اخبار نيويارك ٹائمز كي ايك رپورٹ كے مطابق امريكي حكومت نے چين كے ساتھ تعلقات ميں بگاڑ پيدا ہونے كے خدشے كے تحت ان پابنديوں كا سركاري طورپر اعلان نہيں كيا تاہم امريكي وزارت خارجہ نے ان آٹھ چيني كمپنيوں كے خلاف چارج شيٹ تيار كرتے ہوئے ان پابنديوں كا اعلان كيا ہے ـ اخبار كے مطابق پابنديوں كے تحت آٹھ بڑي چيني كمپنياں اب امريكا كے ساتھ كسي قسم كا لين دين نہيں كرسكيں گي ـ ان چيني كمپنيوں ميں چين گريٹ وال انڈسٹري كارپوريشن اور چائينہ نارتھ انڈسٹري كارپوريشن (نورمنكو) پر پہلے بھي كئي بار امريكي حكومت پابندياں اور جرمانے عائد كر چكي ہے ـ اس كے علاوہ چيني مسلح افواج كے لئے فوجي طيارے بنانے والي ايك اور بڑي صنعتي كمپني چائنا ٹيكنالوجي امپورٹ اينڈ ايكسپورٹ كارپوريشن (كيٹك) پر بھي ايران كو ميزائل كے پرزہ جات اور دوسرا حساس مواد دينے پر پابندي عائد كر دي گئي ہے ـ دوسري جانب صدر بش نے شمالي كوريا كے ايٹمي پروگرام كے سفارتي حل كي كوششوں پر چين كو سراہا ہے ـ |