مہر نیوز- 20 اکتوبر 2011ء: رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے صوبہ کرمانشاہ میں کابینہ کے خصوصی اجلاس میں فرمایا: صوبہ کرمانشاہ کو حکومت کی خصوصی توجہ، تدبیر اور ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔

مہر بررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی کی موجودگی میں کل رات صوبہ کرمانشاہ میں کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا  ، اس اجلاس میں صوبہ کی مشکلات و مسائل کو حل کرنے اور صوبہ کی ترقی و پیشرفت کے سلسلے میں انجام پانے والے اقدامات کے بارے کابینہ نے رپورٹ پیش کی۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس ملاقات میں صوبہ کی مشکلات کو حل کرنے کے سلسلے میں مکمل اہتمام، ہنگامی بنیاد پر اقدامات ، سنجیدہ تدابیر کو ضروری قراردیا اور اس علاقہ کے مسائل پر حکومت کی گہری توجہ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا: اس صوبہ کے عوام کی خدمت کرنے کے لئے سرعت اور سنجیدگی کے ساتھ میدان عمل میں وارد ہونا چاہیے تاکہ علاقہ میں ترقی و پیشرفت کی حالت نمایاں طور پر محسوس ہو۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے پورے ملک کے عوام کی خدمت، صوبے کے عوام کا جوش و خروش اور صفا و صمیمیت ، اور ملک کی اوسط ترقی سے علاقہ کے اکثر معیاروں کی پسماندگی کو صوبے کے مسائل و مشکلات کو حل کرنے کے سلسلے میں حکومت کے اہتمام کے لئے تین عمدہ دلیلیں قراردیتے ہوئے فرمایا: علاقہ میں بہت ہی عمدہ اور اچھے کام انجام دیئے گئے ہیں، لیکن صوبہ کرمانشاہ کو  مطلوبہ حد تک پہنچانے اورکرمانشاہ کے اچھے و لائق عوام  کی شان کے مطابق بنانے کے لئے ابھی کافی فاصلہ ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عوام کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں کو انجام دینے کے سلسلے میں حکام کے اہتمام و فکر اور سنجیدگی کو پسندیدہ اور ضروری امر قراردیتے ہوئے فرمایا: حکومت کو چاہیے کہ وہ ایک خصوصی کونسل تشکیل دے جو حکومت کے منظور شدہ منصوبوں کی تکمیل پر نظارت کرے، اور صوبہ کے گورنر، پارلیمنٹ میں صوبے کے نمائندے ، صوبہ کرمانشاہ میں نمائندہ ولی فقیہ کے ساتھ ملکر منظور شدہ منصوبوں کے اجرا و نفاذ کا سنجیدگی کے ساتھ پیچھا کریں تاکہ اس علاقہ کی حالت میں قابل توجہ تبدیلی دیکھنے میں آئے۔رہبر معظم انقلاب اسلامی نے بے روزگاری کوصوبہ کرمانشاہ کا اصلی مسئلہ قراردیا اور اس مشکل کو دوچنداں ہمت کے ساتھ حل کرنے کے لئے حکام کو تاکید کرتے ہوئے فرمایا: زراعت ، صنعت اور دیگر شعبوں میں  بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور نجی شعبوں سے سرمایہ جذب کرنے کے ذریعہ بےروزگاری کی مشکل کو حل کیا جاسکتا ہے اور اس طرح صوبے کے عوام اور جوانوں کی فکر وپریشانی  کو دور کیا جاسکتا ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: حکومت ، صوبہ میں تیار کردہ  ڈیموں کے اردگرد علاقوں کے لئے نہریں بنانیں، سرحدی تجارت کو فروغ دینے، اشیاء کی ٹرانزٹ اور برآمدات میں اضافہ کرنے ، نجی شعبہ میں سرمایہ لگانے کے لئے رکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلے میں اہم اور نمایاں کام انجام دے سکتی ہے اور ان خطوط پر سنجیدگی کے ساتھ عمل کرکے صوبہ کی پیشرفت اور اس صوبے کے عوام کی مشکلات کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے صوبہ کی ترجیحی ضروریات کی تقسیم بندی اور اصلی مسائل پر خصوصی توجہ مبذول کرنے پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: اس طرح پروگرام مرتب کرنا چاہیے تاکہ منظور شدہ منصوبوں کے لئے ضروری بجٹ فراہم ہوسکے اور ابھی سے اس پر حساب و کتاب  کیا جاسکے ۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کام انجام دینے کے لئے حکومت کی فراواں کوششوں کی طرف اشارہ اور کابینہ کے ارکان کو سفارش کرتے ہوئے فرمایا:آخر تک اسی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت میں مصروف و مشغول رہیں اور اس بات کی اجازت نہ دیں کہ اس حکومت کے دوسال پورے ہونے اور آپ کی ذمہ داریوں کا دور ختم ہونے سے آپ کی کوششوں پر  منفی اثرات مرتب ہوں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عوام کے ساتھ حسن رفتار اور خندہ پیشانی سے پیش آنےکو اسلامی نظام میں خدمتگذاری اور ذمہ داری کے لئے ضروری شرط قراردیا اور عالمی وشو مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی محجبہ بسیجی خاتون کی طرف سے گولڈ میڈل ہدیہ کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: صوبہ کے عوام کے مختلف طبقات صفا و صمیمیت اور اعلی جذبے کے ساتھ کار و تلاش میں مشغول ہیں اور سزاوار ہے کہ صوبہ کے عوام کو بہترین خدمات بہم پہنچائی جائیں۔

اس ملاقات میں صوبہ کرمانشاہ میں ولی فقیہ کے نمائندے ، پارلیمنٹ میں صوبائي نمائندے اور اعلی صوبائی حکام بھی موجود تھے، نائب صدر جناب رحیمی نے اس اجلاس میں اعلان کرتے ہوئے کہا:  صوبہ کرمانشاہ میں آج کابینہ نے 140 ترقیاتی منصوبوں کو منظور کیا ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبہ کی ترقی میں  قابل توجہ پیشرفت حاصل ہوگي۔

روزگار فراہم کرنے کے لئے خصوصی بجٹ کی تخصیص، زراعت کے لئے پانی کی فراہمی، زیر تعمیر ڈیموں کی کی تکمیل ، ملک کے مغربی علاقہ میں ریل کی پٹری کی سرحد تک تکمیل، بنیادی صنعتی ڈھانچوں کی توسیع، پسماندگی کو ختم کرنے کے لئے خصوصی بجٹ کی فراہمی، ملک کے مغرب میں جامع علمی اور بین الاقوامی یونیورسٹی کی تاسیس، سرحدی بازاروں کے فروغ پر توجہ، اور سیکڑوں شہری و دیہاتی پروجیکٹوں کا اجرا، صوبہ کی یونیورسٹیوں کے لئے وسائل کی فراہمی، اور تعلیمی و ثقافتی منصوبوں کو  صوبہ کی پیشرفت و ترقی کے لئےحکومت کے اہم منصوبوں میں شمار کیا۔

رحیمی نےمزید کہا: منصوبوں کے اجراءکے لئے نظارتی کونسل نائب صدر کی سرپرستی میں تشکیل دی جائے گی جو منظور شدہ منصوبوں کے اجراء کی راہیں ہموار کرےگی  اور ان کی تکمیل پر مکمل طور پر نظارت رکھےگی۔