مہر خبررساں ایجنسی نے شینہوا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شنگھائی میں ایک بلند عمارت میں آتشزدگی سے کم از کم بیالیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔آگ پیر کی دوپہر ایک اٹھائیس منزلہ عمارت میں لگی اور اس سے نوّے افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جب عمارت میں آگ لگی اس وقت اس کی تزئین و آرائش کا کام جاری تھا اور تصویروں میں لوگوں کو عمارت کے ساتھ لگائے گئے تعمیراتی ڈھانچے کو پکڑے لٹکتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔تاحال اس آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم عینی شاہدین کے مطابق آگ تعمیراتی سامان میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی۔اطلاعات کے مطابق متاثرہ عمارت میں متعدد ریٹائرڈ اساتذہ اور میونسپلٹی کے حکام اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھے اور یہاں کل ایک سو چھپن خاندان رہ رہے تھے۔شنگھائی چین کا سب سے بڑا صنعتی شہر ہے اور یہاں کی آبادی دو کروڑ کے لگ بھگ ہے۔