مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کل رات حوزہ علمیہ قم کی اعلی کونسل کے اراکین سے ملاقات میں حوزہ علمیہ میں علمی ، تحقیقاتی اور تبلیغی جامع منصوبہ کی تدوین کو ضروری قراردیتے ہوئے فرمایا: جامع اور مؤثر منصوبہ کی تدوین حوزہ علمیہ قم کی ایک اہم ضرورت ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے منصوبہ بندی، ہدف کی تشخیص اور حوزوی علوم کی ترجیحات کے تعین کو مستقبل کے منصوبہ کی روشنی میں ممکن قراردیتے ہوئے فرمایا: اداری لحاظ سے بھی حوزہ کی انتظامی تشکیلات کو مستعد اور ہلکا ہونا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مراجع عظام کے ساتھ حوزہ علمیہ قم کی اعلی کونسل کے دائمی ارتباط کو ضروری قراردیا اور حوزہ علمیہ قم کے جوان طلباء کے نظریات اور تجاویز سے استفادہ کرنے پر زوردیا ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: حوزہ علمیہ قم کی اعلی کونسل میں منظور ہونے والے منصوبوں اور انکے انتظامی فیصلوں میں رہبری کی مطلق طور پرکوئی مداخلت نہیں ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حوزات علمیہ میں درس پڑھنے اور تدریس و تعلیم کی روش اور طریقہ کار کو محدود نہ کرنےاور عملی عرفان کو طلباء اور فضلا کے لئے اہم اور ضروری قراردیتے ہوئے فرمایا: طلاب کے لئے تہذیب اور اخلاق سے آراستہ بزرگوں کے حالات زندگی کےبیان اور ان کی اخلاقی نصیحتوں اور خطوط کو شائع کرنا نظری عرفان سے کہیں زيادہ مفید اور مؤثر واقع ہوسکتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حالیہ برسوں میں حوزہ علمیہ قم میں تبدیلی پیدا کرنے اور اسی طرح جمعرات کے دن طلاب کے ساتھ ملاقات میں پیش کئے جانے والے مطالب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: حوزہ علمیہ قم میں تبدیلی کے موضوع کا سنجیدگی کے ساتھ پیچھا کرنا چاہیے اور اسے عملی جامہ پہنانے اور نافذ کرنے کی کوشش کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حوزہ علمیہ قم کی اعلی کونسل کے اراکین اور حوزہ کی مدیریت کی کوششوں اور زحمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس ملاقات کے آغاز میں حوزہ علمیہ قم کی اعلی کونسل کے سربراہ آیت اللہ یزدی نے حوزہ کی کونسل کے جدید ڈھانچے اور اس کی تخصصی کمیٹیوں اور اعلی کونسل میں منظور ہونے والے منصوبوں کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا: ملک بھر کےحوزات علمیہ کی علمی سطح کا جائزہ اور ان کی درجہ بندی، حوزہ کے ممتاز اور برتر افراد کے دفتر کی تشکیل،حوزہ کے مجموعہ میں اداری اور مالی نظام میں ہم آہنگی، اور حوزہ علمیہ کے محققین کی حمایت کے لئے مالی ادارے کی منظوری جیسے امور حوزہ علمیہ قم کی اعلی کونسل کے منصوبوں میں شامل ہیں۔
مدیر حوزہ علمیہ قم آیت اللہ مقتدائی نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا : حوزہ علمیہ کی عظیم رسالت کے مطابق اس میں تغییر و تحول، 20 سالہ طویل منصوبہ کی تدوین، تبلیغ پالیسی کونسل کی تشکیل اور اس کو فعال بنانے والےادارے کی تشکیل،جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے تعلیمی امور کو آسان بنانا، تعلیمی اطلاعات کو متحد اور منظم و مرتب بنانا ، ایسے اقدامات ہیں جو انجام دیئے گئے ہیں۔
اس ملاقات میں اعلی کونسل کےبعض اراکین نے حوزات علمیہ کی صلاحیتوں کی حفاظت اور تربیت کے لئے مناسب اقدامات انجام دینے، مراجع محترم کے نظریات سے استفادہ ، صوبائی حوزات علمیہ میں بعض ممتاز اساتذہ کے حضور اور حوزہ میں مختصر اور بلند مدت منصوبہ کی تدوین کے بارے میں اظہار خیال کیا۔