مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان میں 2 مسافر طیارے دوران پرواز فضاء میں ٹکرانے سے بال بال بچ گئے ہیں۔
ہندوستانی حکام کے مطابق نجی فضائی کمپنی جیٹ ایئر ویز اور قومی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کا طیارہ ممبئی کی فضائی حدود میں گزشتہ روز آمنے سامنے آ گئے تاہم آخری وقت ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے بروقت خبردار کرنے کے نتیجے میں دونوں مسافر طیاروں کے درمیان تصادم کا خطرہ ٹل گیا۔ جیٹ ایئر ویز کے مسافر طیارے پر 142 جبکہ ایئر انڈیا کے طیارے پر 70 مسافر سوار تھے۔ ہندوستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔