مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق جامعہ المصطفی العالمیہ کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین علی رضااعرافی نے ہندوستان کے بعض دینی مدارس کے اعلی مدیروں اور ان کے معاونین کے ساتھ ملاقات میں دینی مدارس میں علمی فروغ کے ساتھ اخلاقی تعلیم و تربیت پر بھی خصوصی توجہ مبذول کرنے پر تاکید کی ہے انھوں نے کہا کہ دینی مدارس میں معنوی اور اخلاقی مسائل پرخصوصی توجہ دینا علماء کی اہم ذمہ داری ہے اچھے اور لائق طلباء کو اخلاقی تعلیم و تربیت سے آراستہ و پیراستہ بنا کر معاشرے کے حوالے کرنا دینی مدارس کے منصبی فرائض میں شامل ہے انھوں نے رجب المرجب ، شعبان المظم اور رمضان المبارک کے مہینوں میں وارد دعاؤں کے مجموعہ کو اسلام کا انمول خزانہ قراردیتے ہوئے کہا کہ ان تمام دعاؤں کا اصلی مقصد یہ ہے کہ انسان ان دعاؤں کے ذریعہ معنوی اور اخلاقی لحاظ سے آراستہ ہوکر اللہ تعالی کے راستہ پر خود بھی گامزن رہے اور دوسروں کو بھی اس راستہ کی جانب ہدایت کرتا رہےجامعۃ المصطفی کے سربراہ نے کہا کہ عالمی سطح پر اسلام کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے علماء اسلام کو اپنی ذمہ داریوں کو اچھی طرح نبھانا چاہیے۔
جامعۃ المصطفی کے سربراہ نے ہندوستان کو ایک اہم ملک قراردیا اور ہندوستانی حکومت کی طرف سے دینی مدارس کے ساتھ قریبی تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا انھوں نے کہا کہ ہندوستان سمیت عالمی سطح پر اسلامی تعلیمات کو فروغ دینے کی راہیں ہموار ہیں اور مکتب اسلام اور مکتب اہلیبیت (ع) کو پہچنوانے کے سلسلے میں اس موقع سے بھر پور استفادہ کرنا چاہیے۔