مہر خبررسان ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمانپرست نے استنبول میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے آج پیر کے دن صبح 10،30 منٹ پر ویانا کے مقامی وقت کے مطابق ترکی اور برازيل کے سفراء کی موجودگی میں خط بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کو پیش کردیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کےترجمان نے کہا کہ آج دنیا کو مختلف اقتصادی اور سیاسی مشکلات کا سامنا ہے اور ان مشکلات کو حل کرنے کے لئے جدید فکر کی ضرورت ہے۔ رامین مہمانپرست نے کہا کہ ایٹمی ہتھیار دنیا کے لئے اس وقت بہت بڑا خطرہ ہیں اور جن ممالک کے پاس ایٹمی ہتھیار موجود ہیں وہ دنیا سے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمہ کے لئے سنجیدہ قدم نہیں اٹھا رہے ہیں انھوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی معاہدے مشکلات سے دوچار ہیں این پی ٹی معاہدہ بھی مشکلات سے روبرو ہے کیونکہ اس کے مطابق ایٹمی ہتھیار رکھنے والے ممالک عمل نہیں کررہے ہیں اور اس معاہدے کو دوسروں کے خلاف حربہ کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ رامین مہمانپرست نے کہا کہ آج ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمہ کی تحریک شروع ہوچکی ہے اور دنیا سے ایٹمی ہتھیاروں کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔