رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے سری لنکا کے صدر سے ملاقات میں فرمایا: اسرائیل اپنے تمام وسائل اور امریکہ کی مکمل حمایت کے ذریعہ فلسطینیوں کے حقوق پائمال کررہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے سری لنکا کے صدر مہیندراراجا پاکسہ اور اس کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں دونوں ممالک کے گہرے روابط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ایران اور سری لنکا کے روابط قدیم اور مضبوط بنیادوں پرہیں لیکن آج دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پہلے سے کہیں زيادہ اچھی اور مطلوب سطح پر ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے آج تمام راہیں ہموار ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حکومت سری لنکا کی طرف سے اندرونی مشکلات پر قابو پانے اور مسئلہ فلسطین کی حمایت کرنے کے سلسلے میں تعریف و تمجید کرتے ہوئے فرمایا: فلسطین ایک مظلوم قوم ہے جس پر ہر طرف سے ظلم و جفا ہورہا ہے اور اسرائیل جیساجلاد اور موذی دشمن، امریکہ کی مکمل حمایت کے ذریعہ اور تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے ان کے حقوق پائمال کررہا ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسی سلسلے میں فرمایا: تمام لوگ جو اپنے ملک میں کسی اہم عہدے پر فائز ہیں انھیں فلسطین کی حمایت کے سلسلے میں اپنا اہم نقش ایفا کرنا چاہیے۔

رہبر معظم نے امید ظاہر کرتے ہوئے فرمایا: سری لنکا کے صدر کا دورہ تہران، دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو تمام شعبوں میں فروغ دینے کا باعث بننا چاہیے۔

اس ملاقات میں نائب صدر رحیمی بھی موجود تھے اس موقع پر سری لنکا کے صدر مہیندر راجا پاکسہ نے کہا:ہم نے گذشتہ برسوں سے فلسطینی قوم کے ساتھ دوستی کا آغاز کیا ہے اور عالمی سطح پر فلسطین کی مظلوم عوام کی حمایت میں اپنے نظریات و خیالات کا اظہار کیا ہے اور اس پر ہمیں فخر ہے۔

سری لنکا کے صدر مہیندر راجا پاکسہ نے دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ اور مسلمانوں کی حمایت کے سلسلے میں کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: سری لنکا کی حکومت نےدہشت گردی کا شکار ہونے والے مسلمانوں کو ان کے اپنے علاقوں میں آباد کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

سری لنکا کے صدر نے کہا: ایران اور سری لنکا کے روابط ماضی کی طولانی تاریخ پر استوار ہیں ہم ایران کی حمایت اور مدد پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے لئے تیار ہیں۔