امریکہ کے صدر باراک اوبامہ چار ایشیائی ممالک کے دورے کے پہلے مرحلے میں آج جاپان پہنچ گئے ہیں ۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے صدر باراک اوبامہ چار ایشیائی ممالک کے دورے کے پہلے مرحلے میں آج جاپان پہنچ گئے ہیں ۔ امریکی صدر اوبامہ اور جاپانی وزیر اعظم یوکیو ہاٹو یاما  کے درمیان آج شام ملاقات ہوگی جس میں اوکی ناوا میں متنازع امریکی فوجی اڈے کے بارے میں بات کریں گے، اس کے علاوہ عالمی مالیاتی بحران اور ماحولیاتی تبدیلیاں بھی اہم موضوع رہیں گے جس کے بعدوہ نیوز کانفرنس سے خطاب کریں گے۔سنگا پور میں اقتصادی سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل صدر اوباما جاپان کے شہنشاہ اکی ہیٹو سے سے ملاقات کریں گے اور ایشیا کے بارے میں پالیسی بیان دیں گے۔امریکی صدر ایشیائی ممالک کے دورے میں جاپان کے علاوہ سنگاپور، چین اور جنوبی کوریا بھی جائیں گے ۔ صدر اوباما کی آمد کے موقع پر ٹوکیو میں سیکیورٹی انتہائی سخت ہے ۔پولیس اور سیکوریٹی اہلکار پورے شہر میں الرٹ ہیں۔