ہندوستان کی تین ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں حکمراں جماعت کانگریس نے واضح کامیابی حاصل کرلی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان  کی تین ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں حکمراں جماعت کانگریس نے واضح کامیابی حاصل کرلی ہے۔

 مہاراشٹر اور ارونا چل پردیش کے علاوہ ہریانہ میں بھی کانگریس سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کے طور پر ابھری ہے۔ریاست مہاراشٹر ، ہریانہ اور اروناچل پردیش میں تیرہ اکتوبر کو ریاستی اسمبلیوں کیلئے ووٹ ڈالے گئے تھے اورووٹوں کی گنتی کے لیے جمعرات 22اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی ۔ مہاراشٹر میں ووٹنگ کی شرح ساٹھ فیصد ، ہریانہ میں 66 فیصد اور اروناچل پردیش میں ستر فیصد سے زائد رہی تھی ۔288 رکنی ریاست مہاراشٹر کی اسمبلی میں کانگریس اور اس کی اتحادی جماعتوں نے146نشستیں اور بی جے پی شیوسینا اتحاد نے90 نشستیں حاصل کیں  ۔ریاست میں کانگریس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور اس نے گزشتہ انتخاب کے مقابلے میں11سیٹیں زیادہ حاصل کیں جبکہ بی جے پی اور انتہا پسند جماعتوں کوگزشتہ انتخاب کے مقابلے میں32 کم نشستیں ملیں ۔ریاست اروناچل پردیش میں سے بھی کانگریس نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورگزشتہ انتخابات کے مقابلے میں8نشستیں زائد حاصل کرکے60میں سے مجموعی طور پر42نشستوں پر کامیابی حاصل ۔ہریانہ میں کانگریس کو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں19نشستیں کم ملی ہیں۔البتہ کانگریس تینوں ریاستوں کی اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے۔