اجراء کی تاریخ: 4 اکتوبر 2009 - 09:26
پاکستان کے سابق کرکٹر سرفراز نواز نے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مدمقابل انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے سابق کرکٹر سرفراز نواز نے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مدمقابل انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔جبکہ مسلم لیگ نون کی طرف سے بھی دو رہنماؤں نے اسی حلقہ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جہاں سے ان کے قائد امیدوار ہیں۔ سرفراز نواز ان امیدواروں میں شامل ہیں جہنوں نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔الیکشن کمیشن کے روبرو قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو تیئس کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ آزاد امیدواروں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔سرفراز نواز نے انیس سو پچاسی میں ہونے والے غیر جماعتی انتخابات میں حصہ لیا تھا اور لاہور سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اب ان کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی جو پانچ اکتوبر سے شروع ہوگی اور سترہ اکتوبر تک جاری رہے گی اور امیدوار کی حمتی فہرست اٹھارہ اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔