مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراق کے خود مختار صوبے کردستان میں ہونے والے صدراتی اور پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹنگ ختم ہوگئی ہے۔ عراق کے خودمختار صوبے کردستان میں انتخابات میں ووٹنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ کا اضافہ کیا گیا تھا۔ جبکہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے ۔ انتخابات 111پارلیمانی نشستوں اور صوبے کے صدر کے لئے کئے جا رہے ہیں۔ انتخابات میں عراقی صدر جلال طالبانی کی پیٹریاٹک یونین آف کردستان اور کردستان کے صدر مسعود برزانی کی ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہے ۔ عراقی الیکشن کمیشن کے مطابق نتائج کے اعلان میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے ۔ جبکہ الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق انتخابات میں ووٹوں کا ٹرن آوٹ 78.5فیصد رہا۔ اس دوران کردستان میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔