ہندوستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس سیٹلائٹ کو آئندہ ماہ خلاء میں بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے (آئی ایس آر او) نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس سیٹلائٹ کو آئندہ ماہ خلاء میں بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ہندوستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے"  آئی ایس آر او " کے چیئرمین جی مدھون نیئرنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ سیٹلائٹ ”اوشین سیٹ“ کو جولائی کے آخر یا پھر ممکنہ طور پر اگست کے اوائل میں خلاء میں بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید سیٹلائٹ سری ہری کوٹا کے خلائی مرکز سے خلاء میں روانہ کیاجائے گا جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ آئی ایس آر او کے سربراہ نے کہا کہ چاند پر بھیجا جانے والا مشن چندریان کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے اور اس کے ذریعے چاند کی سطح سے ڈیٹا حاصل کیا گیا جس کا تجزیہ جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خلاء میں بھیجا جانے والا مجوزہ سیٹلائٹ سمندر کی سطح اور موسم کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا ۔