مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیرمتوقف کرنے کے مطالبے کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سختی سے مسترد کردیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر باراک اوبامہ نے اسرائیلی وزیراعظم سے ان کے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران فلسطینیوں کی سرزمین پریہودی آبادکاروں کو بسانے کا عمل منجمد کرنے کا مطالبہ کیا تھالیکن اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ''ہم یہودی بستیوں میں زندگی کو منجمد نہیں کرسکتے'' ۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کسی پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کے لئے تیار ہے.نتین یاہو کہ مطابق وہ فلسطینیوں کے ساتھ کوئی ایسا معاملہ طے نہیں کرے گا جو اسرائیل کے لیئے سکیورٹی خطرے پیدا کرے، نہ اس بات کے لیئے تیار ہیں کہ ان کے پاس فوج ہو یا وہ ایران کے ساتھ اتحاد کریں۔دریں اثنا اسرائیلی وزیر دفاع ایہود باراک امریکہ اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کے خاتمہ کی غرض سے سفارتی کوششوں کے سلسلہ میں واشنگٹن پہنچے ہیں جہاں وہ امریکی حکام سے بات چیت کریں گے۔