مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی بونیر کی تحصیل ڈگر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے ڈگر کے دورے میں طالبان شر پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور شدت پسندوں کیخلاف جاری جنگ میں انکے بلند حوصلوں کو سراہا۔ فیلڈ کمانڈر نے آرمی چیف جنرل کیانی کو آپریشن سے متعلق بریفنگ بھی دی۔
ادھر مہمند ایجنسی میں طالبان کے ایک کمانڈر نے اپنے پانچ ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ مہمند ایجنسی کے صدر مقام غلنئی میں قبائلی عمائدین کے جرگے میں یارسید نے اپنے دیگر پانچ ساتھیوں طارق ،عثمان،حسین شاہ ،اسحاق اور گل زمین کے ہمراہ ہتھیار ڈال دئیے ہیں۔