جاپان میں پاکستان دوست گروپ کے اجلاس میں پاکستان کے لیے پانچ ارب ڈالر سے زائد کی امداد کے وعدے کیے گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جاپان میں پاکستان  دوست گروپ کے اجلاس میں پاکستان کے لیے پانچ ارب ڈالر سے زائد کی امداد کے وعدے کیے گئے ہیں۔  ٹوکیو میں ہونے والے ایک روزہ اجلاس کے اختتام پر جاری کیے جانے والے بیان میں کانفرنس کے مشترکہ صدر جاپان اور عالمی بینک نے کہا ہے کہ  پاکستان کے دوستوں نے پانچ ارب ڈالر سے زائد کی نئی امداد کے وعدے کیے ہیں جو آئندہ دو برس کے دوران مکمل طور پر ادا کردی جائے گی۔ جمعرات کو کانفرنس سے قبل پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں جاپان کے وزیراعظم تارو آسو نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا۔ ڈونر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے وزیراعظم نے کہا کہ جب تک پاکستان مستحکم نہیں ہو جاتا اس وقت تک افغانستان میں بھی استحکام نہیں آ سکتا۔ کانفرنس کے اختتام پر ایک اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے دوست اور اتحادی اس کی اقتصادی اصلاحات کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ اعلامیہ میں پاکستان کی جانب سے پیش کیے جانے والے منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی۔ پاکستان نے اس کانفرنس میں آنے والے دس برس میں پورے ہونے والے تیس ارب ڈالر مالیت کے منصوبے پیش کیے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق اس گروپ کا اگلا اجلاس ترکی میں ہوگا۔