شمالی کوریا کے وزیراعظم کم یونگ ال چین کے پانچ روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے شینہوا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شمالی کوریا کے وزیراعظم کم یونگ ال چین کے پانچ روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ جہاں وہ پیانگ یانگ کے متنازع سیٹلائٹ تجربے پر بات چیت کریں گے۔اپنے دورے میں وہ چینی صدر ہوجنتاؤ اور وزیراعظم وین جیاؤ باؤ سمیت چین کےدیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔ اس دوران شمالی کوریا کی جانب سے اپریل میں متنازع سیٹلائٹ لانچ سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔جنوبی کوریا، جاپان اور امریکہ کا الزام ہے کہ شمالی کوریا سیٹلائٹ کی آڑ میں دورمار بیلسٹک میزائل کا تجربہ کررہا ہے۔ اس مسئلے پر شمالی کوریا اور خطے کے ممالک سمیت امریکہ کے ساتھ شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ شمالی کوریا کے وزیراعظم چین کے دورے میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی ساٹھویں سالگرہ کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔