مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان نے ملک بھر کے تمام بڑے ہوائی اڈوں پر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ہندوستانی حکام کے مطابق یہ اقدام طیاروں کو اغواء کرنے کے بعد انہیں دہشت گردی کے لئے استعمال کرنے کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ قبل ازیں وزیر دفاع اے کے انتھونی نے مسلح افواج کو کسی بھی فضائی دہشت گردی کے پیش نظر چوکس رہنے کی ہدایت کی تھی۔ ایئر چیف مارشل فالی میجر کے مطابق حکومتی ہدایت کے پیش نظر تمام تر یونٹس کو چوکس کر دیا گیا ہے ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ کے مطابق 11 ستمبر جیسے حملوں کی خفیہ اطلاعات ملنے پر ہندوستانی فضائیہ کو چوکس رہنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔