مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ تباہ کن سمندری طوفان آئیک ایک سو ستتر کلومیٹر کی رفتار سے چلتا ہوا امریکی ریاست ٹیکساس کے خلیجی ساحل سے ٹکرایا ہے جس کے نتیجے میں وسیع تر ساحلی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ اور بڑے پیمانے پر تباہی کا خطرہ ہے اور ریاست ٹیکساس میں طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں
سمندری طوفانوں کا مطالعہ کرنے والے ادارے نیشنل ہریکین سنٹر کے مطابق آئیک سنیچر کی صبح جی ایم ٹی کے مطابق صبح سات بجکر دس منٹ پر ٹیکساس میں گیلویسٹن کے مقام پر ساحل سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں ریاست ٹیکساس میں سینکڑوں کلومیٹر کے علاقے میں سیلاب آگیا ہے اور ایک سو پچہتر کلومیٹر فی گھنٹے سے زائد کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں۔ آئیک کے گیلویسٹن کے ساحل سے ٹکرانے پر شہر میں بارہ فٹ پانی بھر گیا ہے جبکہ دور دراز کے علاقے بھی سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں اور طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں۔
طوفان سے قبل امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکرٹری مائیکل چرٹوف نے وارننگ دی تھی کہ سمندری طوفان کے نتیجے میں ایک لاکھ گھر سیلاب میں ڈوب جائیں گے۔ جبکہ امریکی محکمۂ موسمیات یعنی نیشنل ویدر سنٹر نے بھی وارننگ دی تھی کہ ضلع گیلویسٹن کے رہائشیوں نے اگر محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی کوشش نہیں کی تو ان کی موت یقینی ہے۔