مہرخبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایججنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فلسطین کے صدر محمود عباس آئندہ ماہ امریکہ کا دورہ کریں گے۔ایک فلسطینی اہلکار نےذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی صدر امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کی دعوت پر امریکہ جائیں گے جہاں وہ امریکی صدر اور سینئر حکام سے ملاقات کریں گے۔ حکام نے مزید بتایا کہ اسرائیل میں امریکی قونصلر جنرل جیکب ویلز نے دعوت نامہ فلسطینی صدر تک پہنچایا۔محمود عباس 24 اپریل کو واشنگٹن روانہ ہونگے اور وہ امریکی صدر جارج بش سے ملاقات کریں گے۔ قبل ازیں فلسطینی صدر محمود عباس نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں فلسطینی مسئلے پر امن کانفرنس منعقد کرنے کا خیر مقدم کیا تھا اور اسے مسئلہ فلسطین کے حل میں روس کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا ایک حصہ قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ امریکہ نے آج تک فتح تنظیم کے فلسطینی رہنماؤں کومذاکرات کے سبز باغ دکھا کر انھیں ان کے اصلی اہداف سے منحرف کردیا ہے۔ اور انھیں فلسطینیوں کے درمیان اختلاف ڈالنے کی ذمہ داری سونپ دی ہے جس کی وجہ سے فلسطینی اسرائیل کے ظلم و ستم کا مسلسل نشانہ بن رہے ہیں۔