مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی مرکز اور صوبہ سرحد میں مخلوط حکومت قائم کرنے پر متفق ہو گئی ہیں۔ یہ بات جمعرات کو پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران بتائی۔
اٹھارہ فروری کے انتحابات کے بعد قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کے طور پر سامنے آنے والی پیپلز پارٹی کے سربراہ کی کسی سیاسی جماعت کے رہنما سے حکومت سازی کے بارے میں پہلی ملاقات ہے اور اس کے ساتھ ہی ملک میں حکومت سازی کی باضابطہ سرگرمیاں بھی شروع ہوگئی ہیں۔
اسلام آباد میں واقع پارلیمنٹ لاجز میں آصف علی زرداری اور اسفندیار ولی خان نے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور پارلیمانی بالادستی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ حالیہ انتخابات میں دوسری بڑی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آنے والی مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف بھی جمعرات کی شام زرداری ہاؤس میں آصف علی زرداری سے حکومت سازی کے متعلق بات چیت کریں گے اور پہلے سے اعلان کردہ پروگرام کے مطابق دونوں رہنما رات آٹھ بجے مشترکہ نیوز بریفنگ دیں گے۔