ہندوستان اور بنگلہ دیش کی سرحد پر ہندوستانی بارڈر سکیورٹی فورسز اور بنگلہ دیش رائفلز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

مہرخبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کی سرحد پر ہندوستانی بارڈر سکیورٹی فورسز اور بنگلہ دیش رائفلز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔بارڈر سکیورٹی فورسز کے ایک اہلکار کے مطابق یہ واقعہ منگل کوگووند پور سرحدی پوسٹ پر اس وقت پیش آیا جب سمگلرز کے ایک گروہ نے ان کے ایک جوان اوم پرکاش سنگھ کو اس وقت اغوا کر لیا جب جوان نے ان لوگوں کو ہندوستانی سرحد میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔ بی ایس ایف کے اہلکار ایس کے دت کے مطابق" ان سمگلرز کو بنگلہ دیش رائفلز کی جانب سے کور فائر مل رہا تھا اسی لیے ہمارے جوانوں کو بھی جوابی کاروائی کرنی پڑی"۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ تقریباً چھ گھنٹوں تک جاری رہی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گولی لگنے سے منوج رائے نامی ایک طالب علم ہلاک ہو گیا جبکہ بی ایس ایف کے دو جوان زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کی شدت کے مدنظر ہندوستان کے سرحدی علاقے کے رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بنگلہ دیش سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فائرنگ سے بنگلہ دیش رائفلز کے کئی جوان زخمی ہوئے ہيں دلی میں بی ایس ایف کے چیف آشیش مترا نے صحافیوں کو بتایا کہ شام ہونے تک دونوں جانب سمجھوتے کے بعد بنگلہ دیش رائفلز نے اوم پرکاش کو ہندوستان کے حوالے کر دیا ہے۔