مہرخبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر بش نے ایک خط میں شمالی کوریا کے صدر پر زوردیا ہے کہ پیانگ یانگ 31دسمبر تک اپنا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر بند کردے۔۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان ڈانا پرینو کے مطابق صدر بش نے خط میں اپنے شمالی کوریائی ہم منصب کیم جانگ ایل کو پیانگ یانگ کے ایٹمی پروگرام سے متعلق خدشات سے آگاہ کیا ہے۔صدر بش نے خط میں لکھا ہے کہ شمالی کوریا معاہدے کے مطابق جلداز جلد اپنا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر بند کردے ورنہ اسے معاہدے کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔امریکی صدر نے شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام پرمذاکرات عمل میں شامل چاردیگرممالک چین ، روس، جاپان اور جنوبی کوریاکے صدورکو خط ارسال کیے ہیں ۔خطوط میں کہا گیا ہے کہ پیانگ یانگ کے ایٹمی پروگرام کے مکمل خاتمے کے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے شمالی کوریا پر دباؤ بڑھایا جائے۔پیانگ یانگ کے ایٹمی پروگرام پر ہونے والے میں 6 ملکی مذاکرات میں طے پایا تھا کہ شمالی کوریا اس سال کے اختتام تک بعض مراعات حاصل کرکے اپنا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر بند کردے گا۔