امریکہ کی شمال مغربی ریاستوں واشنگٹن اور نیو اوریگن میں طوفان اور سیلاب کے بعد ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیاہے

مہرخبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کی شمال مغربی ریاستوں واشنگٹن اور نیو اوریگن میں طوفان اور سیلاب کے بعد ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیاہے۔ امریکی حکام کے مطابق شمال مغربی ریاستوں میں طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں سے بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیاہے۔ طوفان کے نتیجے میں کئی سڑکیں بھی بند ہو گئی ہیں جبکہ بعض دریاؤں اور ندی نالوں میں شدید طغیانی ہے۔ امدادی کارکنوں اور ساحلی محافظوں نے واشنگٹن کے جنوب مغربی علاقے میں 130 افراد کو بچا لیا۔ متاثرہ علاقوں میں طوفان کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔