مہرخبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف پیر کو لاہور سے قومی اسمبلی کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے نواز شریف نے اپنی آمد کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ پیر کو کاغذات نامزدگی جمع کرا رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بائیکاٹ یا اس میں حصہ لینے کا فیصلہ اے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا اور وہ اسی فیصلے کو مانیں گے۔ جب ان کا جلوس لاہور کے صدر کینٹ کے علاقے میں پہنچا تو انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں بتایا کہ اےپی ڈی ایم کا اجلاس انتیس نومبر کو ہوگا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔پیر کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے اور الیکشن کمشن کے ذرائع کاکہنا ہے کہ رات بارہ بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کیے جائیں گے۔نواز شریف کے علاوہ ان کے بھائی شہباز شریف اور اہلیہ کلثوم نواز بھی قومی اسمبلی کی نشستوں کے امیدوار ہیں اور توقع ہے کہ وہ بھی پیر کو ان کےہمراہ کاغذات جمع کرائیں گے۔