مہرخبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں آل پارٹیز ڈیمو کریٹک موومنٹ(اے پی ڈی ایم)کے قومی اور تین صوبائی اسمبلیوں کے اراکین نے اپنے استعفے پیش کردیے ہیں اے پی ڈی ایم کے اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین کو پیش کیے۔ سب سے پہلے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنا استعفیٰ پیش کیا، جس کے بعد اے پی ڈیم کے دیگر رہنماؤں نے اپنے استعفے پیش کیے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمن نے مجلس عمل کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے اسپیکر کو پیش کیے جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر مخدو جاوید ہاشمی نے ن لیگ کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے اسپیکر کو پیش کیے۔مستعفی ہونے والوں میں ایم ایم اے کے 62 ،مسلم لیگ ن کے 20 اور تحریک انصاف، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی اور جے یوپی فضل کریم کے ایک ایک رکن قومی اسمبلی شامل ہیں۔مسلم لیگ ق کی دو ارکان اسمبلی سائرہ طارق اورشہزادی عمرزادی نے بھی اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے رہنما جلوس کی شکل میں پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے اے پی ڈی ایم کے 46 ارکان کے استعفے جمع کرادیے۔ سندھ اسمبلی میں7 اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے اسپیکر سید مظفر حسین شاہ کو پیش کردیے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے استعفے موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔بلوچستان اسمبلی میں اے پی ڈی 25 اراکین اسمبلی نے اجتماعی استعفے اسپیکر جمال شاہ کاکڑ کو پیش کردیے۔اے پی ڈی ایم میں شامل متحدہ مجلس عمل، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی کے ارکان اسمبلی جلوس کی شکل میں اپنے استعفے جمع کرانے بلوچستان اسمبلی پہنچے۔ اے پی ڈی ایم کے اراکین اسمبلی کے استعفے جمع کرانے کے موقع پر قومی اسمبلی اور تینوں صوبائی اسمبلیوں کے باہر خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔