مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ شاہراہ فیصل کے علاقے میں مہدی ٹاور کی دوسری منزل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے عمارت کے دیگر آٹھ منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ کے باعث عمارت میں موجود دفتری عملہ محصور ہوگیا جس کے بعد فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں اور ایک اسنارکل نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی اور تقریباً 2 گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
عمارت میں موجود دفتری اسٹاف کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد عمیمہ سولنگی کا کہنا ہے کہ عمارت میں آگ سے بچائو کے آلات موجود تھے، آگ لگنے کی وجوہات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جلد تیار کی جائے گی۔
اس موقع پر ایس پی جمشید شعیب میمن کا کہنا تھا کہ عمارت میں 150 افراد موجود تھے جنہیں بحفاظت نکالا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔