اجراء کی تاریخ: 9 مارچ 2023 - 19:26

باکسنگ کے عالمی لیجنڈ محمد علی کلے پر ایک ٹیلی ویژن سیریز بنائی جا رہی جس کے پروڈیوسر آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار مورگن فری مین ہیں۔ 

مہر خبررساں ایجنسی نے انٹرٹیٹمنٹ میگزین ورائٹی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ باکسنگ کے عالمی لیجنڈ محمد علی کلے کی زندگی اور جدوجہد پر مبنی 8 قسطوں پر مشتمل ٹی وی سیریز بنائی جائے گی۔ 
 مذکورہ سیریز کو پیکوک ٹی وی چینل بنا رہا ہے جس میں ریگی جین پیج، مورگن فری مین اور کیون ولموٹ کام کریں گے۔ 
 سیریز کا نام "علی: 8 فائٹس" ہے۔ ڈرامے کا اسکرپٹ آسکر ایوارڈ یافتہ رائٹر ولموٹ نے لکھا ہے جسے محمد علی کلے کی سوانح عمری سے اخذ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ جوناتھن ایگ نے "علی: اے لائف" کے نام سے محمد علی کلے کی سوانح عمری لکھی ہے جسے 2017 میں شائع کیا گیا تھا، مذکورہ سیریز کے اسکرپٹ کو اسی کتاب سے ماخوذ کیا گیا ہے جبکہ جین پیج اور مورگن فری مین دونوں اس منصوبے کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ 
 مذکورہ ڈرامہ سیریز کی کہانی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس میں محمد علی کلے کی زندگی کے 8 الگ الگ اور متعین مراحل کو فلمایا گیا ہے جبکہ اصل لڑائی رنگ سے باہر اور 20ویں صدی کی سب سے زیادہ پائیدار شخصیت کے دل و دماغ میں چل رہی ہوگی۔ 
 یہ سیریز فائٹ آف دی سنچری کہلائی جانے والی محمد علی کلے اور جو فریزیئر کے درمیان یادگار فائٹ کی 52 ویں سالگرہ کے موقع پر بنائی جا رہی ہے۔ 
 34 سالہ اداکار ریگی جین پیج کے متعلق ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہ اسکرین پر محمد علی کلے کے روپ میں نظر آئیں گے یا نہیں۔ 
خیال رہے کہ محمد علی کلے کی زندگی پر متعدد فلمیں اور ٹیلی فلمز بنائی جا چکی ہیں جن میں سب سے اہم 2011 میں ریلیز ہونے والی وِل اسمتھ کی فلم "علی" ہے جسے مائیکل مین نے پروڈیوس کیا تھا اور اس میں اپنی اداکاری کے لیے اسمتھ کو پہلی آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ 
یاد رہے کہ محمد علی کلے جن کا اصل نام کیسیئس کلے تھا، نے اپنے کیریئر کے دوران باکسنگ رنگ کے اندر  56 فتوحات اور 5 شکستیں اپنے نام کی ہیں۔ وہ 1961 میں مسلمان ہوئے اور 12 سال کی عمر سے ہی باکسنگ رنگ میں اتر گئے تھے۔