مہر خبررساں ایجنس نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان نے پیر کو کہا ہے کہ ریسرچ اسکالر حمیرا کریم ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کررہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اس ہونہار طالبہ نے حیاتیاتی تنوع اور قدرتی مرکبات کی تھیم کے تحت 180 پوسٹرز پریزینٹیشن کے درمیان دوسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ اس عالمی مقابلے میں 31ممالک کے اسکالر شرکت کر رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق منتظمین کی جانب سے حمیرا کریم کو نہ صرف سرٹیفیکیٹ بلکہ 500 پاونڈ اسٹرلنگ بھی عطا کیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے حمیرا کریم کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دراصل پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کا اعتراف ہے جبکہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں باصلاحیت اور قابل نوجوان اسکالروں کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی ہونہار طالبہ کو اس کا میا بی پر مبارکباد دی ہے۔