افریقی ملک کیمرون کے شمالی علاقے میں دہشت گردوں کے حملے میں ضلعی سربراہ سمیت 6 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افریقی ملک کیمرون کے شمالی علاقے میں دہشت گردوں کے حملے میں ضلعی سربراہ سمیت 6 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5  دہشت گردوں  کو بھی  ہلاک کردیا گیا۔ مقامی انتظامیہ کے سربراہ عبداللہ یرمی باکاری کا کہنا تھا کہ مانگیو کے علاقے میں حملہ نائیجیریا کی دہشت گرد تنظیم بوکو حرام کی جانب سے کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘حملہ آور دہشت گردوں نے ضلعی سربراہ کے گھر کو نشانہ بنایا جہاں وہ گولی لگنے سے جاں بحق ہوئے اور ان کے ساتھ عمارت میں موجود دو دیگر افراد بھی موقع پر جاں بحق ہوگئے’۔

عبداللہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی آواز سن کر جب پڑوسی اپنے گھروں سے باہر نکل کر جائے وقوع کی طرف بڑھے تو دہشت گردوں نے انھیں بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مزید تین افراد جاں بحق ہوئے۔

مقامی سیکیورٹی گروپ اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا پیچھا کرتے ہوئے 5 حملہ آوردہشت گردوں کو ہلاک اور 3 کو زخمی کردیا.

واضح رہے کہ دہشت گرد تنظیم بوکو حرام نے 2009 میں نائجیریا میں مسلح کارروائیوں کا آغاز کردیا تھا اور ایک اندازے کے مطابق 20 ہزار کے قریب افراد ان کی کارروائیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

بوکوحرام کی کارروائیاں نہ صرف نائیجیریا تک محدود رہی ہیں بلکہ پڑوسی ملک کیمرون بھی اس کی لپیٹ میں رہا ہے۔