اجراء کی تاریخ: 27 جولائی 2017 - 14:24

افریقی ملک مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل جرمن ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افریقی ملک مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل جرمن ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ جرمن فوج کے مطابق اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل اس کا ایک ہیلی کاپٹر مالی کے شمالی صحرا میں گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار دو جرمن فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ جرمن فوج نے کہا کہ واقعہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا جس میں تخریب کاری کا کوئی عنصر شامل نہیں۔

واضح رہے کہ 2012 میں القاعدہ نے مالی کے کچھ علاقے پر قبضہ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ بعدازاں 2013 میں فرانسیسی افواج نے مالی میں فوجی مداخلت کرتے ہوئے القاعدہ کو پسپا کرکے علاقے پر واپس قبضہ کرلیا اور اقوام متحدہ نے مالی میں حکومت کی مدد کے لیے امن فوج بھیجی، تاہم وہابی دہشت گردوں اور ملکی و غیرملکی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔