اجراء کی تاریخ: 23 جون 2017 - 00:33

آن لائن مارکیٹنگ کمپنی علی بابا کے چیئرمین جیک ما نے تیسری عالمی جنگ کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیسری جنگ عظیم کی وجہ ٹیکنالوجی میں برپا ہونے والا انقلاب ہوگا جو تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ علی بابا گروپ کے چیئرمین جیک ما نے تیسری عالمی جنگ کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیسری جنگ عظیم کی وجہ ٹیکنالوجی میں برپا ہونے والا انقلاب ہوگا جو تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس نے کہا کہ  اگر عالمی رہنماؤں نے مصنوعی ذہانت اور خود کاری کے بڑھتے ہوئے رحجانات پردھیان نہ دیا تو مستقبل قریب میں حالات یکسر مختلف ہوں گے اور دنیا تیسری عالمی جنگ کی طرف بڑھ سکتی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آن لائن شاپنگ کے ادارے علی بابا گروپ کے بانی جیک ما ءنے عالمی رہنماؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت اور خود کاری کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے انسانوں پر پڑنے والے اس کے اثرات سے بھی آگاہ رہیں کیونکہ عقلمندی اسی میں ہوتی ہے کہ خرابی کو پیدا ہونے سے پہلے ہی روک لیاجائے۔ مشینوں کو انسانوں والے کام نہیں کرنے چاہئیں بلکہ انہیں وہ کام کرنے چاہئیں جو انسان نہیں کرسکتے۔
علی بابا گروپ کے چیئرمین کا خیال ہے کہ ٹیکنالوجی میں آنے والے پہلے انقلاب کی وجہ سے پہلی جنگ عظیم رونما ہوئی، دوسرے انقلاب کی وجہ سے دوسری اور اب ٹیکنالوجی کی دنیا میں آنے والے تیسرے انقلاب کی وجہ سے تیسری جنگ عظیم ہوگی۔