امریکی سی آئی اے کےسابق کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن نے 2013 میں چونکا دینے والے انکشافات کئے اور ایک مرتبہ پھر وہ خفیہ دستاویزات منظرعام پر لانے کے لئے تیار ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیرملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی  سی آئی اے  کےسابق کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن نے 2013 میں چونکا دینے والے انکشافات کئے اور ایک مرتبہ پھر وہ خفیہ دستاویزات منظرعام پر لانے کے لئے تیار ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ایڈورڈ اسنوڈن کا پہلی مرتبہ انٹرویو لینے والے صحافی گلین گرینوالڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ سابق سی آئی اے اہلکار کے پاس موجود مزید خفیہ دستاویزات عوام کے سامنے لائیں گے جس کے لئے انہوں نے دیگر غیرملکی میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کو بھی دعوت دی ہے۔ گلین گرینوالڈ کا کہنا ہے کہ کئی صحافیوں نے ایڈورڈ اسنوڈن کی خفیہ دستاویزات پراپنا کام مکمل کرلیا ہے جس کے بعد اسے 2 درجن سے زائد میڈیا ہاؤسز کے ساتھ تبادلہ کیا جائے گا۔

گلین گرینوالڈ کے مطابق ایڈورڈ اسنوڈن سے طے پانے والے معاہدے کے تحت صحافی ضابطہ کار میں رہتے ہوئے خفیہ دستاویزات کی رپورٹنگ کریں گے جب کہ اب بھی کئی ایسی خفیہ دستاویزات ہیں جنہیں عوام کی دلچسپی کے لئے منظرعام پر لایا جائے گا تاہم کچھ ایسی دستاویزات بھی ہیں جنہیں اس لئے شائع نہیں کیا جاسکتا ہے کیوں کہ اس سے معصوم لوگ متاثر ہوں گے۔