بحرالکاہل کے ساحلوں پر موجود 12 ممالک کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدہ طے پاگیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بحرالکاہل کے ساحلوں پر موجود 12 ممالک کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدہ طے پاگیا ہے۔ امریکہ، کینیڈا، جاپان، آسٹریلیا، ملائیشیا، سنگاپور اور دیگر چھ ممالک کے درمیان سستی اور آسان تجارت ہوسکے گی۔ معاہدے میں امریکہ، کینیڈا، جاپان، آسٹریلیا، ملائیشیا اور سنگاپور کے علاوہ برونائی، میکسیکو، چلی، نیوزی لینڈ ، پیرو اور ویتنام بھی شامل ہیں۔
ان ممالک کی آپس میں تجارت، دنیا کے مجموعی لین دین کا 40 فیصد ہے۔ معاہدے کے تحت اکثر مصنوعات کی تجارت پر ڈیوٹی ختم یا قابل ذکر حد تک کم ہوجائیں گی۔
اطلاعات کے مطابق معاہدے کا مقصد دنیا کی معیشت میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ کو کنٹرول کرنا ہے۔ معاہدے میں شامل 12 ممالک اب انفرادی طور پر اس معاہدے کو منظور کرینگے۔