مہرنیوز۔28 فروری 2013ء: ہندوستان کی راجیہ سبھا نے آگسٹا ہیلی کاپٹروں کی خریداری میں کرپشن کی تحقیقات کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیشن بنانے کی قرارداد منظور کرلی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کی راجیہ سبھا نے آگسٹا ہیلی کاپٹروں کی خریداری میں کرپشن کی تحقیقات کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیشن بنانے کی قرارداد منظور کرلی۔  قرارداد کے خلاف بی جے پی سمیت متعدد اپوزیشن جماعتوں نے راجیہ سبھا سے واک آؤٹ کردیا۔ ہندوستان نے 2010ء میں اٹلی کی ایک کمپنی سے 12 آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر 75 کروڑ ڈالر میں خریدے تھے۔ تقریباً 3600 کروڑ ہندوستانی روپے کے معاہدے میں ہندوستانی فضائیہ کے سابق سربراہ سمیت کئی سرکاری عہدیداروں پراطالوی کمپنی سے کروڑوں روپے رشوت لینے کا الزام ہے۔ کرپشن کے معاملے کی تحقیقات سی بی آئی کر رہی ہے اور گزشتہ روز ہندوستانی حکومت نے اس پرمشترکہ پارلیمانی کمیشن بنانے کی قرارداد پیش کی جو اکثریت رائے سے منظور کر لی گئی۔بی جے پی ، ترنمول کانگریس، اے جی پی، اور کمیونسٹ پارٹی سمیت کئی اپوزیشن جماعتوں نے قرارداد کے خلاف سخت احتجاج کے بعد ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔راجیہ سبھا کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جونیئر وزیر نارائن سوامی کا کہنا تھا کہ بی جی پی مشترکہ کمیشن کی اس لیے مخالفت کر رہی ہے کیونکہ وہ نہیں چاہتی کہ سچ سامنے آئے۔