مہر نیوز- 1 مئی 2012ء: پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ ہم سب پر لازم ہے کہ آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اپنے معاملات اس طریقے سے نبھائیں جس سے ہماری قوم اور ملک دونوں کی عزت و وقار میں اضافہ ہو۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ ہم سب پر لازم ہے کہ آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اپنے معاملات اس طریقے سے نبھائیں جس سے ہماری قوم اور ملک دونوں کی عزت و وقار میں اضافہ ہو۔کل رات جی ایچ کیو راولپنڈی میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مارے جانے والے سکیورٹی اہلکاروں کی یاد میں منعقدہ یوم شہدائے پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل کیانی نے جہاں ملک کی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور قومی سلامتی کی پالیسی کا ذکر کیا وہیں ملک میں جمہوری نظام پر بھی بات کی۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں جمہوری نظام کے استحکام اور اس کے تسلسل پر یقین رکھتے ہیں اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور سربلندی جمہوری قدروں کی پاسداری سے ہی وابستہ ہے۔

جنرل کیانی نے مزید کہا ہے کہ’دستورِ پاکستان نے واضح طور پر قومی اداروں کی ذمہ داریوں اور فرائض کا تعین کر دیا ہے اور اب ہم سب پر لازم ہے کہ آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اپنے معاملات اس طریقے سے نبھائیں جس سے ہمارے اور ملک دونوں کی عزت و وقار میں اضافہ ہو۔