مہر نیوز- 28 اکتوبر 2011ء: سعودی عرب کے امریکہ نواز بادشاہ عبد اللہ بن عبد العزیزنے سعودی ولیعہد سلطان بن عبد العزیز کی موت کے بعد سعودی عرب کے وزیر داخلہ نائف بن عبد العزیز کو سعودی عرب کا نیا ولیعہد مقرر کیا ہے۔

مہرخبررساں ایجنسی نے سعودی عرب کی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سعودی عرب کے امریکہ نواز بادشاہ عبد اللہ بن عبد العزیزنے سعودی ولیعہد سلطان بن عبد العزیز کی موت کے بعد سعودی عرب کے وزیر داخلہ نائف بن عبد العزیز کو سعودی عرب کا نیا ولیعہد مقرر کیا ہے۔اس بات کا اعلان دیوان شاہی سے جاری ایک اعلامیہ میں کیا گیا۔شہزادہ نائف بن عبد العزیز حال ہی میں انتقال کرنے والے ولی عہد شہزادہ سلطان بن عبد العزیزکے بعد ولی عہد بنائے گئے ہیں۔ سعودی عرب کے نئے ولی عہد نائف بن عبد العزیز آل سعود 1933میں پیدا ہوئے ،وہ سعودی شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے بھائی اورشاہی خاندان کے بااثر شہزادوں میں سے ایک ہیں۔شہزادہ نائف 1953میں ریاض کے گورنربنے ،شاہ فیصل نے 1970میں شہزادہ نایف کونائب وزیر داخلہ مقرر کیا، 1974 میں انہیں وزیر داخلہ بنا دیا گیا، جبکہ مارچ 2009میں شہزادہ نائف نے نائب وزیراعظم کی ذمہ داریاں بھی سنبھال لی تھیں۔ ملک عبد اللہ نے تمام آل سعود شہزادوں سے کہا ہے کہ وہ نئے ولیعہد نائف بن عبد العزیز کی بیعت کریں۔

اخبارالوطن کے مطابق شہزادہ نائف بن عبد العزيز نے سعودی عرب میں القاعدہ کی کمر توڑنے میں اہم کردار ایفا کیا ہے انھوں نے 95 فیصد القاعدہ کی دہشت گرد کارروائیوں کو وقت سے پہلے ہی غیر مؤثر بنادیا۔